متنازع ٹوئٹس کیس: ایمان مزاری اور ہادی علی کو مجموعی طور پر 17، 17 سال قید کی سزا

image

اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے متنازع ٹوئٹس کیس میں ایڈووکیٹ ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی کو مجموعی طور پر 17، 17 سال قید اور کروڑوں روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔

ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے کیس کا مختصر فیصلہ سنایا جبکہ 22 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ بھی جاری کر دیا گیا۔

عدالت نے پیکا ایکٹ کے سیکشن 9 کے تحت دونوں ملزمان کو 5، 5 سال قید اور 50، 50 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ اسی طرح سیکشن 10 کے تحت دونوں کو 10، 10 سال قید اور 3، 3 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق سیکشن 26 اے کے تحت ایمان مزاری اور ہادی علی کو 2، 2 سال قید اور 10، 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی گئی۔ یوں مجموعی طور پر دونوں کو 17، 17 سال قید اور 3 کروڑ 60 لاکھ روپے جرمانے کی سزائیں سنائی گئیں۔

تاہم عدالت نے پیکا ایکٹ کے سیکشن 11 کے تحت دونوں ملزمان کو بری کر دیا۔

اس سے قبل آج کیس کی سماعت کے دوران ایمان مزاری نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کرتی ہیں، جس کے بعد انہوں نے سماعت کا بائیکاٹ کر دیا تھا۔

عدالت کے فیصلے کے بعد قانونی ماہرین کی جانب سے اس پر ردعمل متوقع ہے جبکہ ایمان مزاری اور ہادی علی کی جانب سے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US