وفاقی وزیر داخلہ سے چین کے قونصل جنرل ژاو شیرین کی ملاقات

image

لاہور میں وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے چین کے قونصل جنرل ژاو شیرین نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، پاک چین دوستی اور باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

محسن نقوی نے چین کے قونصل جنرل ژاو شیرین کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ژاو شیرین کا کہنا تھا کہ سب محسن نقوی کی حیرت انگیز رفتار اور کارکردگی کے معترف ہیں، اور انہوں نے پاک چین دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں گراں قدر کردار ادا کیا ہے۔

چینی قونصل جنرل نے کہا کہ پہلے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب اور اب وفاقی وزیر داخلہ کی حیثیت سے محسن نقوی نے پاک چین دوستی کو مضبوط بنانے کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے، جبکہ پاکستان میں ان کا قیام انتہائی خوشگوار رہا۔

محسن نقوی نے کہا کہ ژاو شیرین سے بھائیوں جیسا تعلق ہے جو آئندہ بھی برقرار رہے گا، اور لاہور میں ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔ انہوں نے حالیہ دورۂ چین کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ چینی وزیر پبلک سیکیورٹی وانگ ژاو ہونگ سے ساڑھے تین گھنٹے کی طویل ملاقات انتہائی خوشگوار اور سود مند رہی، اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں باہمی تعلقات مزید آگے بڑھ رہے ہیں۔ محسن نقوی نے ستمبر میں دوبارہ چین کے دورے اور اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات کا بھی اعلان کیا۔

آخر میں محسن نقوی نے چینی قونصل جنرل کو کھلاڑیوں کے دستخط شدہ بیٹ کا تحفہ دیا، جبکہ ژاو شیرین نے محسن نقوی کو چینی صدر شی جن پنگ کی کتاب بطور تحفہ پیش کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US