آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جہاں بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات تھیں۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تین بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے، جن میں مقامی کمانڈر فاروق عرف سورو، دہشتگرد عدیل اور دہشتگرد وسیم شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد علاقے میں متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں پوری شدت سے جاری رہیں گی۔