پاکستان بھر میں شدید سردی کی لہر جاری ہے جبکہ برفباری اور بارش برسانے والا ایک نیا طاقتور مغربی موسمی سسٹم آج ملک میں داخل ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا یہ نیا سلسلہ آج رات سے بارشوں اور برفباری کے نئے دور کا آغاز کرے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ نئے سسٹم کے تحت بلوچستان، گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔ اس کے علاوہ مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں بھی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے جبکہ 25 سے 26 جنوری کے دوران سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں ممکنہ بارش اور برفباری کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، مالاکنڈ، کرم، وزیرستان، مانسہرہ، مہمند، بونیر، ہری پور، ایبٹ آباد، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور کوہاٹ میں بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان کے علاقوں گلگت، استور، غذر، دیامیر، سکردو، ہنزہ اور شگر میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح آزاد کشمیر کے اضلاع باغ، مظفرآباد، پونچھ، حویلی، کوٹلی، بھمبر اور نیلم میں بھی بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارش اور برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ممکنہ خطرات کے پیش نظر ریسکیو اور سڑکوں کی بحالی سے متعلق اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے کا نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے جبکہ عوام کو مستند معلومات اور حفاظتی تدابیر سے آگاہی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب بلوچستان میں آج رات سے 27 جنوری تک مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، گوادر، جیوانی، پسنی، اورماڑہ، خضدار، کیچ، تربت، چاغی، تفتان، نوکنڈی، دالبندین، پنجگور، قلات، واشک، سوراب، ژوب، مستونگ، خاران، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، لورالائی، موسیٰ خیل اور آواران میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ معتدل بارش کا امکان ہے۔
جیوانی، پسنی، خضدار، آواران، چاغی، پنجگور اور کیچ میں بعض مقامات پر شدید بارش ہو سکتی ہے جبکہ کچھی، سبی، زیارت، ہرنائی، دکی، لورالائی اور لسبیلہ میں ہلکی بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زیارت، چمن، پشین، ہرمازئی، خانوزئی اور کان مہترزئی میں برفباری کا امکان ہے جبکہ مسلم باغ، لوئی بند، قلعہ عبداللہ، گلستان اور دوبندی میں ہلکی سے معتدل برفباری اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
شدید بارش کے باعث گوادر، جیوانی، پسنی، آواران، چاغی اور کیچ میں شہری ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ضروری حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
ادھر ایک اور مغربی موسمی سسٹم بلوچستان میں داخل ہو چکا ہے جس کے باعث صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ چمن اور گردونواح میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکریٹری کی ہدایات پر پی ڈی ایم اے کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ تمام اسنو کلیئرنس یونٹس کو متحرک اور الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، مری اور گلیات میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں مزید برفباری متوقع ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کی نوید بھی سنا دی گئی ہے جبکہ سندھ میں آج سے بادل برسنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔