وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاسپورٹس کی درخواستوں، پرنٹنگ اور کارکردگی کے جدید ترین مانیٹرنگ نظام “شکرا” (سیکوئر ہائبریڈ انٹیلیجنس فار نالج بیسڈ ریسپانس اینالیٹکس) کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
وزیر داخلہ کی ہدایت پر امیگریشن اینڈ پاسپورٹس میں 24/7 مانیٹرنگ روم اور کال سنٹر کو بھی فعال کر دیا گیا ہے جبکہ ایمرجنسی ٹریول ڈاکومنٹ کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنا دیا گیا ہے۔
محسن نقوی کو شکرا سسٹم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ اس جدید نظام کے ذریعے پاکستان اور دنیا بھر میں پاسپورٹ درخواستوں اور ڈیلیوری کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہوگی۔ پاسپورٹ کے اپلائی ہونے سے لے کر ڈیلیوری تک ہر مرحلے کی نگرانی کی جا سکے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرانے پر ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاسپورٹ سسٹم کو دنیا کے بہترین ممالک کے معیار کے مطابق ڈھال دیا گیا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد شہریوں کو عالمی معیار کی تیز، محفوظ اور شفاف خدمات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی پاسپورٹ کے سیکیورٹی فیچرز کو آئی سی اے او اسٹینڈرڈز کے مطابق بنایا گیا ہے اور جدید آٹومیٹک جرمن مشینوں کے ذریعے پاسپورٹ پرنٹنگ کے عمل سے انسانی مداخلت مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل انٹیگریٹڈ ڈیش بورڈ کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر آپریشنز اور اسٹاف کی کارکردگی کی مانیٹرنگ و ایویلیوایشن کی جائے گی جبکہ نئے نظام کے تحت پاسپورٹ دفاتر میں رش کی خودکار نشاندہی، بیک لاگ اور مشینری اسٹیٹس کی مانیٹرنگ بھی ممکن ہوگی۔
وزیر داخلہ نے ای مانیٹرنگ روم، کال سنٹر، فرانزک لیب اور جدید پروڈکشن یونٹ کا بھی دورہ کیا۔
اس موقع پر ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔