پاکستان تحریک انصاف اور تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 8 فروری کو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے دکانیں بند رکھنے اور پہیہ جام ہڑتال کی اپیل کردی ہے۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ممکن ہے آئندہ دنوں میں اس تحریک کا باضابطہ اعلان کردیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ احتجاج پُرامن ہوگا، نہ کسی کو گالی دی جائے گی اور نہ ہی پتھراؤ کیا جائے گا، تاہم اپنے حق کے لیے بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ ہم اپنے حق کے لیے آخری حد تک جائیں گے لیکن اس حوالے سے فی الحال مزید تفصیلات نہیں بتائیں گے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 8 فروری کو عوام کا مینڈیٹ چوری ہوا، جس کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اپنے حق کے تحفظ کے لیے باہر نکلیں اور جمہوری جدوجہد کا حصہ بنیں۔