پنجاب بھر میں اسٹروک مینجمنٹ سینٹرز قائم کرنے کی منظوری

image

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے ہر ضلع میں اسٹروک مینجمنٹ سینٹرز قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے تاکہ مریضوں کو بروقت علاج مقامی سطح پر میسر آسکے۔

یہ فیصلہ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں اسٹروک کے علاج کو مؤثر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے اصولی طور پر تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتالوں میں نیورولوجسٹ اور پیڈیاٹرکس نیورولوجسٹ کی تعیناتی کی بھی منظوری دی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ مریضوں کو علاج کے لیے بڑے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے اور انہیں معیاری طبی سہولیات گھر کے قریب فراہم کی جائیں۔

اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ ہر ضلع سے کم از کم ایک ڈاکٹر اور ایک نرس کو فوری طور پر تین ماہ کے اسٹروک مینجمنٹ ٹریننگ پروگرام میں شامل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے اسٹروک مریضوں کے لیے ٹیلی میڈیسن منصوبہ شروع کرنے کا بھی حکم دیا، جس کے تحت ضلعی اسپتالوں کے ڈاکٹر فوری علاج کے لیے ماہرین سے فون پر مشاورت کر سکیں گے۔

مریم نواز نے نرسوں کی خصوصی تربیت، ریسکیو ورکرز کو اسٹروک مینجمنٹ کی ٹریننگ اور عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اسٹروک کے علاج میں ’’گولڈن آورز‘‘ کی اہمیت مسلمہ ہے اور وہ خود اس آگاہی مہم کی قیادت کریں گی۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب کے تمام چلڈرن ہسپتالوں میں بھی اسٹروک مینجمنٹ سینٹرز قائم کرنے کا حکم دیا۔

اجلاس کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے نیورولوجسٹ ڈاکٹر قاسم بشیر نے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ 25 سال سے زائد عمر کے ہر چار میں سے ایک فرد کو اسٹروک کا خطرہ لاحق ہے اور قبل از ہسپتال، ہسپتال اور بعد از ہسپتال نگہداشت میں تربیت اور آگاہی کی اشد ضرورت ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US