خیبر پختونخوا حکومت اپنی ناکامیوں کا ملبہ فوج اور مبینہ آپریشن پر ڈال رہی ہے، وزیر دفاع

image

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ حکومت نے وادی تیراہ میں کسی فوجی آپریشن کے حوالے سے کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا، کم از کم تنقید کرنے والوں کو نوٹیفکیشن دیکھ لینا چاہیے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ تیراہ میں تقریباً 12 ہزار ایکڑ رقبے پر بھنگ کی کاشت ہوتی ہے، جس کا منافع 35 لاکھ روپے فی ایکڑ تک ہے، اور یہی منافع پورے معاملے میں ایک بڑا فیکٹر ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس منافع سے سیاسی عناصر یا کالعدم ٹی ٹی پی فائدہ اٹھاتی ہے۔

خواجہ آصف نے واضح کیا کہ تیراہ سے نقل مکانی کوئی نیا یا غیر معمولی معاملہ نہیں بلکہ یہ ایک روٹین عمل ہے، جسے بحران بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا حکومت میں بعض لوگ طالبان کو بھتہ دیتے رہے ہیں اور یہ بھتہ ممکن ہے اسلام آباد تک بھی جاتا ہو۔

وزیر دفاع کے مطابق نقل مکانی کے معاملے پر 11 دسمبر کے جرگے کے بعد 24 اور 31 دسمبر کو وادی تیراہ کے مقامی مشران اور صوبائی حکومت کے درمیان ملاقاتیں ہوئیں، جبکہ اس تمام عمل میں فوج کا کوئی کردار نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنی ناکامیوں کا ملبہ فوج اور مبینہ آپریشن پر ڈال رہی ہے، جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US