خیبر پختونخوا: آپریشن ”11 گرج“ کے تحت سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری، متعدد خوارج ہلاک، ٹھکانے تباہ

image

خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے گزشتہ دو ماہ سے جاری آپریشن 11 گرج کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں بدستور جاری ہیں، جن کے دوران متعدد خوارج کو ہلاک کرنے، ان کے ٹھکانے تباہ کرنے اور بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا گیا، جبکہ مختلف مقامات پر خوارج کے زیرِ استعمال اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان قبضے میں لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع باجوڑ کے علاقے شاکرو میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد دہشت گردوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے نصب کیے گئے دیسی ساختہ بم بھی ناکارہ بنا کر تباہ کیے گئے۔ زمینی دستوں اور کوارڈ کاپٹرز کی مدد سے جاری کارروائیوں کے باعث دہشت گردوں کو مقامی آبادی کے علاقوں سے فرار ہونے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ تمام کارروائیاں انتہائی احتیاط کے ساتھ انجام دی جا رہی ہیں تاکہ شہریوں کے جان و مال کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور مقامی آبادی کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔

سیکیورٹی ذرائع نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور خیبر پختونخوا میں پائیدار امن کے قیام تک آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US