آزاد کشمیر انتخابات: لاڑکانہ اور چنیوٹ میں مہاجر نشست کے لیے صرف 5 ووٹرز، پولنگ عملہ انتظار میں رہا

image

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مہاجر نشست پر ووٹنگ کے لیے سندھ کے شہر لاڑکانہ اور پنجاب کے ضلع چنیوٹ میں پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے، جہاں ووٹرز کی انتہائی کم تعداد کے باعث پولنگ کا عمل غیر معمولی صورتحال اختیار کرگیا۔

لاڑکانہ میں الیکشن کمیشن کے دفتر میں قائم پولنگ اسٹیشن پر انتخابی عملے اور سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 25 سے زائد افراد تعینات رہے، جبکہ اس حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد صرف دو تھی۔ دونوں خواتین ووٹرز کی عدم آمد کے باعث پولنگ کا عمل متاثر رہا۔

دوسری جانب چنیوٹ میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کو پولنگ اسٹیشن بنایا گیا، جہاں صرف تین ووٹرز نے حقِ رائے دہی استعمال کرنا تھا۔ پولنگ اسٹیشن پر سیکیورٹی کے لیے 400 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے جبکہ ہیلتھ ٹیمیں بھی موجود رہیں۔

تاہم مقررہ وقت تک ایک بھی ووٹر پولنگ اسٹیشن نہ پہنچ سکا، جس کے باعث پریذائیڈنگ افسر اور پولنگ عملہ ووٹرز کے انتظار میں رہے۔

یوں لاڑکانہ اور چنیوٹ میں قائم دونوں پولنگ اسٹیشنوں پر مجموعی طور پر صرف پانچ رجسٹرڈ ووٹرز کے لیے انتخابی انتظامات کیے گئے، تاہم ووٹنگ کا عمل شروع ہونے کے باوجود کوئی ووٹ کاسٹ نہیں ہوسکا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US