پنجاب سے سندھ کی جانب بڑے جنگلی جانوروں، بالخصوص شیروں، کی ممکنہ غیر قانونی نقل و حمل کے خدشے کے پیش نظر وائلڈ لائف حکام کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں متعلقہ وائلڈ لائف ڈویژنز کے ڈپٹی کنزرویٹرز کو سرحدی علاقوں، چیک پوسٹس اور دیگر حساس راستوں پر سخت نگرانی کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق بڑے جنگلی جانوروں، بشمول شیروں جیسے جنگلی حیات کی غیر قانونی نقل و حمل، تجارت یا کسی بھی قسم کی منتقلی سندھ وائلڈ لائف پروٹیکشن، پریزرویشن، کنزرویشن اینڈ مینجمنٹ ایکٹ 2020 کے تحت سختی سے ممنوع ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
محکمہ وائلڈ لائف نے تمام فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ نگرانی کے عمل کو مزید مؤثر بنائیں آپس میں رابطہ مضبوط رکھیں اور صوبائی سرحدوں پر تعینات سندھ پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون حاصل کریں۔
حکام کا کہنا ہے کہ جاری کردہ سرکلر کو نہایت ہنگامی بنیادوں پر جاری کیا گیا ہے اور اس پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ جنگلی حیات کے تحفظ کو ہر صورت ممکن بنایا جا سکے۔