سینیٹ کمیٹی برائے دفاع کا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ

image

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے چیئرمین سینیٹر طلحہ محمود کی قیادت میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا، جہاں ائیرپورٹ آپریشنز، مسافر سہولیات اور مستقبل کے توسیعی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ایئرپورٹ پہنچنے پر ڈائریکٹر ایئرپورٹ سروسز اور ایئرپورٹ منیجر نے چیئرمین سینیٹ کمیٹی برائے دفاع سینیٹر طلحہ محمود اور سینیٹر عطا اللہ درویش کا استقبال کیا۔ بعدازاں ڈپٹی ڈی جی ایئرپورٹس پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی صادق الرحمان اور ڈپٹی ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی لقمان رشید نے اسٹیٹ لاؤنج میں کمیٹی اراکین کو خوش آمدید کہا۔

ڈپٹی ڈی جی ایئرپورٹس صادق الرحمان نے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مجموعی آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ ڈپٹی ڈی جی سی اے اے لقمان رشید نے ریگولیٹری امور سے آگاہ کیا۔ ایئرپورٹ منیجر نے مسافر سہولیات، جدید کاری کے اقدامات اور بہتری کے جاری منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سالانہ 9 ملین مسافروں کی گنجائش رکھتا ہے، جسے مستقبل میں 25 ملین مسافروں تک بڑھانے کا منصوبہ موجود ہے۔

ڈائریکٹر کمرشل نے سی آئی پی لاؤنجز، مووی تھیٹرز، گیمنگ زونز، مساجد اور دیگر مسافر سہولیات کی اپ گریڈیشن، ڈیوٹی فری شاپس، فوڈ آؤٹ لیٹس، کار پارکنگ آٹومیشن، برینڈڈ آٹوموبائل ڈسپلے پوائنٹس اور ریسٹورنٹس سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ مسافروں کی شکایات پر فوری کارروائی کی جاتی ہے اور وزیراعظم ڈلیوری یونٹ (پی ایم ڈی یو) کی تمام شکایات حل کی جاچکی ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے ایشیائی ایئرپورٹس میں اسکائی ٹریکس کی 3 اسٹار ریٹنگ برقرار رکھی ہے۔ اس کے علاوہ رین واٹر ہارویسٹنگ، ایل ای ڈی لائٹنگ اور الیکٹرک وہیکلز جیسے ماحول دوست اقدامات بھی متعارف کروائے گئے ہیں۔

سینیٹ کمیٹی نے ایئرپورٹ کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا، جن میں امیگریشن کاؤنٹرز، کمرشل ایریاز، ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) ٹاور، ایریا کنٹرول سینٹر اور فائر اسٹیشن شامل تھے۔ کمیٹی نے ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے ساتھ بہترین کوآرڈینیشن کو بھی سراہا۔

چیئرمین سینیٹ کمیٹی برائے دفاع سینیٹر طلحہ محمود نے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ملکی سول ایوی ایشن کی ترقی میں کردار کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ورلڈ کلاس انفراسٹرکچر اور آپریشنل صلاحیت کی تعریف کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US