چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار کامیابی پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔
اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم ورک اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف سیریز میں ناقابلِ شکست برتری حاصل کی، جو قابلِ تحسین ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، کپتان سلمان علی آغا اور پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑیوں نے میدان میں ذمہ دارانہ اور پروفیشنل انداز میں کھیل پیش کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز جیتنے کا کریڈٹ کھلاڑیوں کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ رویے کو جاتا ہے، جبکہ ٹیم کے متوازن کمبینیشن نے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم آئندہ بھی اسی جذبے اور تسلسل کے ساتھ شائقینِ کرکٹ کی توقعات پر پورا اترتی رہے گی۔