روز ایک انڈا کھائیں، دماغی صحت کو بہتر بنائیں، نئی تحقیق سامنے آگئی

image

انڈے صحت کے لیے اہم غذائی اجزا سے بھرپور غذا سمجھے جاتے ہیں جن میں پروٹین اور صحت بخش چکنائی شامل ہے، اسی لیے انہیں ناشتے کے لیے بہترین غذا قرار دیا جاتا ہے۔ اب ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ انڈوں میں موجود ایک خاص جز دماغی صحت کو بہتر بنانے اور دماغی عمر بڑھنے کی رفتار کو سست کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

سائنسی جریدے ایجنگ اینڈ ڈیزیز میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق انڈوں میں موجود جز کولین دماغی صحت کے لیے نہایت اہم ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ موٹاپے کے شکار افراد کے خون میں کولین کی سطح، صحت مند وزن رکھنے والے افراد کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم پائی گئی۔

محققین کے مطابق جسم میں کولین کی کمی انسولین کے خلاف مزاحمت، ورم اور جگر کے افعال میں خرابی کا باعث بنتی ہے جو الزائمر جیسی دماغی بیماریوں کے خطرے میں اضافہ کر سکتی ہے۔ تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ الزائمر کی علامات ظاہر ہونے سے کئی سال قبل ہی جسم میں کولین کی سطح کم ہونا شروع ہو جاتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کولین سے بھرپور غذاؤں، خصوصاً انڈوں کا باقاعدہ استعمال کیا جائے تو میٹابولک اور دماغی امراض کے خطرات میں کمی ممکن ہے۔

تحقیق میں موٹاپے کے شکار نوجوان افراد کے ڈیٹا کا موازنہ دماغی تنزلی کا شکار بزرگ افراد کے ڈیٹا سے کیا گیا جس سے یہ بات سامنے آئی کہ جوانی میں میٹابولک دباؤ بعد کی زندگی میں دماغی صحت پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق کولین صرف انڈوں ہی نہیں بلکہ کلیجی، گوبھی، بیجوں، مونگ پھلی، گوشت، مرغی، مچھلی، دودھ اور دودھ سے بنی مصنوعات سے بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US