رمضان کے مقدس مہینے میں مسلمانوں کے لیے روزہ رکھنا نہ صرف روحانی عبادت ہے بلکہ جسمانی صحت کے لیے بھی بے شمار فوائد رکھتا ہے۔ دن بھر بھوک اور پیاس سے پرہیز کرنے کے بعد افطار کے وقت خوراک لینا جسم کو ایک طویل وقفے کے بعد ہاضمے اور مرمت کا موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ وقفہ جسمانی نظام کو ری سیٹ کرتا ہے، ہاضمہ ہلکا کرتا ہے، اور خون میں شوگر کنٹرول، وزن کے توازن اور سوزش کی کمی میں مدد دیتا ہے۔
ابوظہبی میں قائم شیخ شخبوط میڈیکل سٹی کی ڈاکٹر راحت غزنفر کے مطابق روزے صرف روحانی نہیں، بلکہ جسمانی صحت اور طویل عمر کے لیے بھی فائدہ مند ہیں۔
خلیج ٹائمز کے مطابق فیملی میڈیسن کنسلٹنٹ ڈاکٹر راحت غزنفر کے مطابق روزے کے دوران جسم مستقل کھانے اور شوگر کے اثرات سے دور رہتا ہے اور اسے مرمت پر مرکوز حالت میں لے آتا ہے۔ جسم خوراک کی بجائے جمع شدہ چربی استعمال کرنا شروع کرتا ہے، خراب یا پرانے خلیات صاف ہوتے ہیں اور سوزش بھی کم ہوتی ہے۔ یہ عمل عمر رسیدگی کی رفتار سست کرنے سے بھی جڑا ہوا ہے۔
ڈاکٹر غزنفر کے مطابق لمبی عمر کی طب میں اینٹی ایجنگ ظاہری شکل سے زیادہ اندرونی صحت کے اشاروں سے جڑی ہوتی ہے، جیسے خون میں شوگر کنٹرول، کولیسٹرول کا توازن، سوزش کی سطح، پٹھوں کی طاقت، ہڈیوں کی صحت، دل کی فٹنس اور ہارمونز کا توازن ہونا شامل ہے۔
ڈاکٹر وضاحت کرتی ہیں کہ روزہ ظاہری تبدیلیوں کے لیے نہیں بلکہ اندرونی صحت اور لمبی عمر کے لیے ہے۔ روزہ صرف غذا یا ورزش کا متبادل نہیں کیونکہ یہ جسم کے اندار مناسب پروٹین اور متوازن خوراک کے بغیر پٹھوں کی کمی کا سبب بن سکتا ہے۔
اُن کے مطابق روزے کے اثرات عمر، جنس، ذہنی دباؤ اور موجودہ صحت کے حالات پر منحصر ہوتے ہیں۔ مستقل تھکن، نیند کی کمی، چڑچڑاپن، یا پٹھوں میں کمی جیسے علامات جسم کو غذائیت کی ضرورت بتاتے ہیں۔
ڈاکٹر غزنفر کا کہنا ہے کہ روزے کے دوران جسم کو جو فائدے ملتے ہیں، وہ صرف رمضان تک محدود نہیں رہتے۔ یہ فائدے اس وقت تک قائم رہتے ہیں جب ہم روزمرہ زندگی میں اچھی عادات اپنائیں، جیسے دیر رات کھانے سے پرہیز کرنا، کھانے کے درمیان مناسب وقفہ رکھنا، اور اچھی نیند لینا وغیرہ۔
ڈاکٹر غزنفر کے مطابق رمضان ایک سالانہ موقع ہوتا ہے جو جسم اور دماغ کو ’ری سیٹ‘ کرنے میں مدد دیتا ہے اور صحت مند طرز زندگی کو فروغ دیتا ہے۔
روزہ رکھنے کے مزید فوائد
رمضان کے روزے خون میں شوگر کنٹرول کرنے اور سوزش گھٹانے میں کافی مددگار ہوتے ہیں۔
روزہ جسم میں انسولین کی سطح کم کرتا ہے، ذیابیطس اور عمر سے متعلق بیماریوں کا خطرہ کم کرتا ہے۔
روزہ بڑھتا ہوا گروتھ ہارمون پٹھوں کی مضبوطی اور ٹشوز کی مرمت کو سہارا دیتا ہے۔
اس کے علاوہ جسمانی سوزش میں کمی، ہاضمہ ہلکا ہونا، ذہنی وضاحت اور وزن میں توازن جیسی علامات لوگوں کو رمضان میں نظر آتی ہیں۔