رمضان المبارک کے دوران پیاس کی شدت اور سر درد کی شکایت عام طور پر سامنے آتی ہے، تاہم چند سادہ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے اس تکلیف میں واضح کمی لائی جا سکتی ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مصر کے معروف نیوٹریشنسٹ سیف ھنوجن، جن کے سوشل میڈیا پر لاکھوں فالوورز ہیں، نے ایسے آسان مگر مؤثر طریقے بتائے ہیں جو روزے کے دوران ہونے والی جسمانی بے چینی کو کم کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔
ان کے مطابق اگر روزے کی حالت میں شدید سر درد ہو تو فوری طور پر پاؤں کو گرم پانی سے بھرے برتن میں 10 سے 15 منٹ تک رکھا جائے۔ اس عمل سے پاؤں کی شریانیں پھیلتی ہیں، جس کے نتیجے میں سر کی جانب خون کا دباؤ کم ہوتا ہے اور درد میں نمایاں افاقہ ممکن ہوتا ہے۔
اسی طرح اگر پیاس کی شدت زیادہ محسوس ہو تو ہاتھوں کو ٹھنڈے پانی میں کچھ دیر کے لیے ڈبو کر رکھا جائے۔ اس طریقے سے جسمانی درجہ حرارت کم ہوتا ہے، پسینہ کم آتا ہے اور جسم میں پانی کی مقدار برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
اگر ٹھنڈا پانی پینا ممکن نہ ہو اور پیاس بڑھ جائے تو ٹھنڈے پانی سے غسل کرنا بھی مفید قرار دیا گیا ہے۔ اس سے جسم کی نمی برقرار رہتی ہے اور پانی کی طلب میں کمی آتی ہے۔
یہ سادہ اور آزمودہ تدابیر روزے کے دوران جسم کو بہتر حالت میں رکھنے اور توانائی برقرار رکھنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔ مناسب حکمت عملی کے ذریعے رمضان کے ایام زیادہ آرام دہ اور کم تکلیف دہ بنائے جا سکتے ہیں۔