وہ افراد جو شوگر کے مریض ہیں اور انسولین استعمال کرتے ہیں، عموماً روزہ رکھ لیتے ہیں، لیکن بعض اوقات دن بھر میں اس قدر کمزوری محسوس کرتے ہیں کہ افطار تک ان کی حالت خاصی خراب ہو جاتی ہے۔ اس کے بعد افطار میں رغبت سے مختلف کھانے پینے کی اشیا استعمال کرنے کے نتیجے میں انہیں مزید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
آج ہم آپ کے لیے ماہرین کی جانب سے تجویز کردہ چند احتیاطی اقدامات پیش کر رہے ہیں، جو یقیناً آپ کے لیے مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔
ماہرین کی تجویز کردہ ٹپس:
سحری ختم ہونے سے تقریباً 15 منٹ قبل انسولین کا انجیکشن لگا لیں، یہ پورے دن آپ کے لیے معاون ثابت ہوگا۔
اگر سحری سے پہلے انسولین نہ لگا سکیں تو افطار سے 20 منٹ پہلے انجیکشن لگا لیں، اس سے آپ کو فائدہ ہوگا اور روزہ بھی متاثر نہیں ہوگا۔
میٹھے مشروبات اور چکنائی والے کھانوں سے مکمل اجتناب کریں کیونکہ یہ صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
زیادہ سے زیادہ نیم گرم پانی پینے کی کوشش کریں اور اس میں ایک چٹکی نمک شامل کر لیں۔
افطار کے وقت تربوز پر کالا نمک چھڑک کر استعمال کریں، یہ انسولین لینے والے افراد کے لیے مفید پھل سمجھا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق طریقۂ کار:
عام طور پر انسولین کا انجیکشن پیٹ میں لگایا جاتا ہے اور یہی درست طریقہ بھی تصور کیا جاتا ہے۔ تاہم بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی انجیکشن بازو میں لگایا جائے تو اس میں بھی کوئی حرج نہیں، بشرطیکہ انجیکشن لگانے والا فرد تجربہ کار ہو تاکہ سوئی پٹھوں یا ہڈی پر نہ لگے بلکہ جلد کے اندر مناسب طریقے سے دی جائے۔