کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ڈینگی مچھر کے لاروا کی افزائش شروع ہوگئی ہے، جس پر قومی ادارہ صحت نے اہم ایڈوائزری جاری کردی ہے۔
قومی ادارہ صحت کے مطابق اگر لاروا کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو کئی شہروں میں ڈینگی کیسز میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ ڈینگی مچھر معتدل موسم اور صاف پانی میں تیزی سے افزائش پاتا ہے، جبکہ شہروں میں بڑھتی آبادی اور سیوریج کے ناقص نظام سے اس کے پھیلاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ایڈوائزری میں وفاقی اور صوبائی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے فوری طور پر سرویلنس، صفائی مہم اور آگاہی اقدامات شروع کیے جائیں۔
ماہرین نے شہریوں کو بھی تاکید کی ہے کہ گھروں اور اردگرد پانی جمع نہ ہونے دیں تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکا جاسکے۔