امرود ایک ایسا پھل ہے جو ذائقے اور خوشبو کے ساتھ ساتھ بے شمار طبی فوائد بھی اپنے اندر سموئے ہوئے ہے، ماہرین کے مطابق روزانہ ایک امرود کھانے سے جسم کو متعدد بیماریوں سے بچانے میں مدد مل سکتی ہے۔
امرود کا ذائقہ ہر عمر کے افراد میں مقبول ہے، چاہے اسے چاٹ کی شکل میں کھایا جائے یا ویسے ہی، یہ پھل نہ صرف ذائقے میں منفرد ہے بلکہ غذائیت سے بھی بھرپور ہے۔ ناشپاتی سے مشابہت رکھنے والا یہ پھل وٹامن سی، وٹامن اے اور اینٹی آکسائیڈنٹس سے مالا مال ہوتا ہے، جو مجموعی صحت کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
قبض سے نجات میں مددگار
امرود میں فائبر کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے جو نظامِ ہاضمہ کو بہتر بناتی ہے۔ ایک امرود روزانہ کی فائبر ضرورت کا تقریباً 12 فیصد فراہم کرتا ہے جبکہ اس کے بیج قدرتی جلاب کا کام کرتے ہیں، جس سے قبض سے بچاؤ ممکن ہوتا ہے۔
مدافعتی نظام کو مضبوط بنائے
اس پھل میں وٹامن سی کی زیادہ مقدار پائی جاتی ہے جو جسم کے مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ طبی تحقیقات کے مطابق وٹامن سی موسمی بیماریوں سے تحفظ اور ان کے دورانیے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
ذیابیطس کے مریضوں کے لیے مفید
فائبر سے بھرپور ہونے کے باعث امرود بلڈ شوگر کو تیزی سے بڑھنے نہیں دیتا، یہی وجہ ہے کہ یہ ذیابیطس کے مریضوں کے لیے نسبتاً محفوظ پھل تصور کیا جاتا ہے، تاہم اعتدال میں استعمال ضروری ہے۔
دل کی صحت کے لیے فائدہ مند
امرود جسم میں سوڈیم اور پوٹاشیم کے توازن کو بہتر بناتا ہے جس سے بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنا آسان ہوتا ہے، جبکہ یہ کولیسٹرول کی سطح کم کرنے میں بھی مدد دے سکتا ہے، یوں دل کے امراض سے بچاؤ ممکن ہوتا ہے۔
بینائی بہتر بنانے میں معاون
اس پھل میں موجود وٹامن اے آنکھوں کی صحت کے لیے اہم ہے، جو عمر کے ساتھ بینائی میں آنے والی کمزوری کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
توانائی میں اضافہ اور تناؤ میں کمی
امرود میں موجود میگنیشم پٹھوں اور اعصاب کو سکون فراہم کرتا ہے، جس سے تھکن اور ذہنی دباؤ میں کمی آتی ہے اور جسمانی توانائی میں اضافہ ہوتا ہے۔
وزن کم کرنے میں مددگار
امرود میٹابولزم کو بہتر بناتا ہے اور دیر تک پیٹ بھرنے کا احساس برقرار رکھتا ہے، جس سے غیر ضروری کھانے سے بچاؤ ممکن ہوتا ہے اور وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
جلد کو جوان رکھنے میں معاون
وٹامن اے، وٹامن سی اور اینٹی آکسائیڈنٹس کی موجودگی جلد کو جھریوں سے بچانے اور اسے تروتازہ رکھنے میں مدد دیتی ہے۔
حاملہ خواتین کے لیے مفید
امرود فولیٹ اور فولک ایسڈ کا اچھا ذریعہ ہے جو بچے کی نشوونما، خصوصاً اعصابی نظام کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور پیدائشی نقائص کے خطرے کو کم کرتا ہے۔
دماغی صحت بہتر بنائے
اس میں موجود وٹامن بی 3 اور بی 6 دماغی افعال کو بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں جبکہ ڈپریشن اور دماغی تنزلی کے خطرے کو کم کر سکتے ہیں۔
پٹھوں کو سکون فراہم کرے
میگنیشم کی موجودگی پٹھوں اور اعصاب کو آرام پہنچاتی ہے، جس سے روزمرہ کی تھکن میں کمی اور توانائی میں اضافہ ہوتا ہے۔
نوٹ: یہ معلومات طبی جریدوں میں شائع تحقیق پر مبنی ہیں، کسی بھی طبی مسئلے یا مخصوص حالت میں معالج سے مشورہ ضرور کریں۔