کراچی: آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش، حادثات، جاں بحق افراد کی تعداد 19 ہوگئی، متعدد زخمی

image

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس کا سلسلہ وقفے وقفے کے ساتھ تاحال جاری ہے۔

اولڈ سٹی ایریا، کیماڑی، کلفٹن، لیاری، صدر، ڈیفنس، شارع فیصل، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن، ایف بی ایریا، بنارس، اورنگی ٹاؤن، منگھوپیر سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کےساتھ بارش ہو ئی۔

آندھی کے ساتھ گرج چمک کا سلسلہ بھی جاری رہا جب کہ بارش شروع ہوتے ہیں شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شارع فیصل پر ہوا کی رفتار 90 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، ماڑی پور میں ہوا کی رفتار 97 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی۔

مختلف علاقوں میں بارش کے دوران متفرق واقعات میں خواتین سمیت 19 افراد جاں بحق جبکہ کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

کورنگی 3.5 کے قریب گھر کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئی، کواری کالونی میں چھت سے بلاک گرنے سے خاتون جاں بحق ہوگئی۔ ملیر ندی یارو گوٹھ کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ کچی آبادی مجید کالونی براق پیٹرول پمپ کے عقب میں دیوار گرنے سے شیر ولی اور ان کی اہلیہ ریاضت جاں بحق ہوگئی۔ درخشاں کے علاقہ میں درخت گرنے سے خاتون جاں بحق ہوگئی۔

مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے باعث درخت اور کچی دیواریں بھی گرگئیں۔ کلفٹن ڈرائیونگ لائسنس برانچ کے قریب تیز ہوا سے درخت گر گیا، 2 افراد درخت کے نیچے پھنس گئے جنہیں نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ محمد علی سوسائٹی میں ٹیپو سلطان روڈ پر بل بورڈ گر گیا۔

بلدیہ ٹاؤن مواچھ گوٹھ مدینہ تھانے کے قریب عمارت گرنے کی اطلاع پر ریسکیو 1122 کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم ڈیزاسٹر رسپانس وہیکل ایمبولینس کے ساتھ موقع پر روانہ ہوئی۔

ریسکیو 1122 کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، حادثے میں 7 سے زائد لاشیں اسپتال منتقل کردی گئی ہیں، بتایا گیا ہے کہ 3 سے زائد افراد موقع پر موجود ہیں، مزید لاشوں کی موجودگی کی تصدیق نہیں ہوسکی، ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے ممکنہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق بلدیہ مواچھ گوٹھ کے قریب دیوار گرنے سے 13 افراد جاں بحق ہوئے۔

ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق دوسری منزل کی چھت پہلی منزل پر گری، یہ رہائشی عمارت نہیں، پولیس نفری موقع پر پہنچ گئی ہے، سرچ اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ریسکیو ترجمان نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق افراد نشے کے عادی تھے جو بارش کے باعث عمارت میں جمع ہوئے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ ملک کے بیشتر حصوں میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ متاثر کر رہا ہے، آج اور کل کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ اور جامشورو میں بارش جبکہ کراچی میں کہیں ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوتے ہی کے الیکٹرک کا نظام بیٹھ گیا۔

بارش اور آندھی سے آدھا کراچی بجلی سے محروم ہوگیا، درجنوں علاقوں میں بارش شروع ہوتے ہی بجلی بند ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک کے 800 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔

نیوکراچی سیکٹر فائیو ای، فائیو ایم، فائیو ایل، فائیو جے، نارتھ کراچی سیکٹر الیون اے و دیگر سیکٹرز، صدر ٹاؤن، ایم اے جناح روڈ، اولڈ سٹی ایریا، لائٹ ہاؤس اور گلفشاں سوسائٹی، عظیم پورہ، ڈی ایچ اے فیز ٹو ایکسٹینشن، کورنگی کراسنگ، نارتھ ناظم آباد اے بلاک، پاپوش، بنارس، سہراب گوٹھ، رحمان ولاز، اسکیم 33، سچل گوٹھ، شاہ لطیف ٹاؤن، جہانگیر روڈ، جہانگیر آباد، عثمانیہ کالونی، وحید آباد، پاک کالونی، لیاقت آباد، پی آئی بی کالونی، لائنز ایریا، شادمان ٹاؤن، بفرزون، ناظم آباد، گولیمار، سرجانی ٹاؤن، اورنگی ٹائون، سائٹ ایریا، پی ای سی ایچ ایس اور کاظم آباد ماڈل کالونی میں بھی بجلی غائب ہے۔

کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ نشیبی علاقوں میں حفاظتی اقدامات کے تحت بجلی بند کی جا سکتی ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں، عوام احتیاط سے کام لیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US