ادرک سانس کے انفیکشن کے خلاف مددگار، پھیپھڑوں کی صفائی کیلیے خاص نسخے

image

پھیپھڑوں میں جمع ہونے والا بلغم نزلہ، زکام، سانس کی تکالیف اور دائمی کھانسی کا باعث بن سکتا ہے، ایسے میں ماہرین صحت نے پھیپھڑوں کی صفائی کیلئے چند قدرتی جڑی بوٹیوں پر مشتمل ایک مفید نسخہ تجویز کیا ہے جو بلغم کے اخراج میں مدد دیتا ہے۔

ماہرین کے مطابق پھیپھڑوں کی نالیوں میں جمع بلغم نہ صرف سانس لینے میں دشواری پیدا کرتا ہے بلکہ مختلف امراض کا سبب بھی بن سکتا ہے، اس لیے پھیپھڑوں کو صاف رکھنا بے حد ضروری ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں فضائی آلودگی اور خصوصاً نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی سگریٹ نوشی کے باعث پھیپھڑوں کی بیماریاں تیزی سے بڑھ رہی ہیں، جس کے پیش نظر صحت مند طرزِ زندگی اپنانا ناگزیر ہو گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چھ قدرتی جڑی بوٹیوں پر مشتمل ایک نسخہ جسم میں موجود بلغمی رطوبت کو خارج کرنے میں مدد دیتا ہے، خاص طور پر سینے میں جمع بلغم کیلئے یہ انتہائی مؤثر سمجھا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اسے نمونیا کے حوالے سے بھی مفید قرار دیا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق تلسی کو آیوروید میں خاص اہمیت حاصل ہے، جس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ اور اینٹی سوزش خصوصیات سانس کی نالیوں کی سوزش کم کرنے اور پھیپھڑوں کو صاف رکھنے میں مدد دیتی ہیں۔ تلسی کے پتوں کو چائے یا براہ راست استعمال کرنا مفید سمجھا جاتا ہے۔

اسی طرح واساکا (مالابار نٹ) بلغم کے اخراج اور سانس کی نالیوں کو کھولنے میں مدد دیتی ہے اور دمہ، برونکائٹس اور کھانسی جیسے امراض میں فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔

ادرک کو بھی جراثیم کش اور سوزش کم کرنے والی خصوصیات کے باعث سانس کے انفیکشن کے خلاف مؤثر مانا جاتا ہے، جبکہ لیکوریس (ملٹھی) صدیوں سے سانس کی بیماریوں میں استعمال ہوتی رہی ہے اور گلے کی سوزش کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔

ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ ہلدی میں موجود کرکومین پھیپھڑوں کی سوزش کم کرنے اور دمہ و برونکائٹس کی علامات میں کمی لانے میں مددگار ہو سکتا ہے، جبکہ پپلی (لمبی کالی مرچ) سانس کی نالیوں کو کھولنے اور بلغم کے اخراج میں معاون ثابت ہوتی ہے۔

ماہرین نے زور دیا کہ ان جڑی بوٹیوں کا معتدل استعمال صحت مند طرزِ زندگی کے ساتھ کیا جائے تو پھیپھڑوں کی صحت بہتر رکھی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ تمباکو نوشی سے پرہیز، فضائی آلودگی سے بچاؤ اور باقاعدہ ورزش کو بھی انتہائی ضروری قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گہری سانس لینے کی مشقیں، متوازن غذا کا استعمال اور گھر کے اندر ہوا کے معیار کو بہتر بنانا بھی پھیپھڑوں کو صحت مند رکھنے اور زہریلے مادوں کے اخراج میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

یہ معلومات ماہرین کی عمومی رائے پر مبنی ہیں، کسی بھی نسخے یا دوا کو استعمال کرنے سے قبل مستند معالج سے مشورہ ضرور کریں۔

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US