لیڈی ولنگڈن اسپتال میں سیکیورٹی گارڈ کی بے ہوشی کا ٹیکا لگانے کی ویڈیو، 4 ڈاکٹر اور ہیڈ نرس معطل

image

لاہور میں لیڈی ولنگڈن اسپتال میں سیکیورٹی گارڈ کے مریض کو اسپائنل اینستھیزیا لگانے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد محکمہ صحت پنجاب نے واقعے کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا گیا کہ سیکیورٹی گارڈ نے مریض کو انجکشن لگایا، جس پر اسپتال انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی پر شدید سوالات اٹھائے گئے۔ طبی ماہرین کے مطابق اسپائنل اینستھیزیا صرف تربیت یافتہ ڈاکٹر یا اینستھیٹسٹ ہی دے سکتا ہے۔

محکمہ صحت پنجاب نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسپتال کے 4 سینئر کنسلٹنٹس، ایک ہیڈ نرس اور متعلقہ سیکیورٹی کمپنی کو معطل یا ختم کر دیا۔ معطل کیے گئے افسران کو پیڈا ایکٹ 2006 کی دفعہ 6 کے تحت نااہلی اور غفلت کے الزام میں اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ اسپتالوں میں نظم و ضبط کی خلاف ورزی کی کوئی گنجائش نہیں جبکہ سیکریٹری صحت عظمت محمود نے واضح کیا کہ دوران ڈیوٹی فرائض میں کوتاہی ناقابل برداشت ہے اور مریضوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US