سمندری خوراک کے ضیاع میں کمی کے لیے اقدامات جاری ہیں، وفاقی وزیر بحری امور

image

عالمی زیرو ویسٹ ڈے کے موقع پر وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ رواں سال زیرو ویسٹ ڈے کا تھیم "فوڈ لاس اینڈ ویسٹ" پاکستان کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال 20 سے 30 فیصد سمندری خوراک ضائع ہو جاتی ہے، جو نہ صرف قومی معیشت بلکہ ماحولیات کے لیے بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سمندری خوراک کا ضیاع معیشت اور ماحول دونوں کے لیے خطرہ بن رہا ہے، جس پر قابو پانے کے لیے حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر بحری امور نے کہا کہ سی فوڈ ویسٹ میں کمی سے نہ صرف ماحولیاتی تحفظ کو فروغ ملے گا بلکہ معاشی استحکام میں بھی مدد حاصل ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت فشریز سیکٹر میں بہتری اور ضیاع کم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دے رہی ہے۔

محمد جنید انوار چوہدری نے اس موقع پر بتایا کہ فشریز سیکٹر کے لیے قومی ڈیجیٹل ایپ "ماہی دوست" بھی لانچ کر دی گئی ہے، جس کا مقصد ماہی گیری کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا، وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا اور ویسٹ میں کمی لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ "ماہی دوست" ایپ کے ذریعے نہ صرف فشریز انڈسٹری کو سہولت ملے گی بلکہ معیشت کے استحکام اور سمندری خوراک کے ضیاع میں کمی میں بھی نمایاں مدد حاصل ہوگی۔

وزیر بحری امور کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فشریز انڈسٹری 15 لاکھ افراد کے روزگار کا ذریعہ ہے، اس لیے اس شعبے کی بہتری، جدید کاری اور پائیدار ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت سمندری وسائل کے تحفظ، خوراک کے ضیاع میں کمی اور پائیدار معیشت کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کرے گی۔

ماہرین کے مطابق خوراک کے ضیاع میں کمی کسی ایک پالیسی یا وقتی اقدام سے ممکن نہیں، بلکہ اس کیلئے کھیتوں، منڈیوں، اداروں اور گھروں کی سطح پر مسلسل اور منظم کوششیں ضروری ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ خوراک کو قیمتی نعمت سمجھتے ہوئے اس کے استعمال میں احتیاط اور ذمہ داری اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر خوراک کے ساتھ وہی احتیاط برتی جائے جس کی وہ مستحق ہے تو اس سے خوراک کے تحفظ (فوڈ سیکیورٹی) کو مضبوط بنانے، قدرتی وسائل کے بہتر استعمال اور ماحولیاتی دباؤ میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔

ماہرین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خوراک کے ضیاع کو کم کرنے کیلیے اجتماعی شعور، بہتر منصوبہ بندی اور مؤثر عملدرآمد ناگزیر ہیں، تاکہ معاشی اور ماحولیاتی دونوں سطحوں پر مثبت نتائج حاصل کیے جا سکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US