حکومتِ پنجاب کا سست رفتار منصوبوں کے فنڈز تیز رفتار اسکیموں کو منتقل کرنے کا اعلان

image

حکومتِ پنجاب نے سست روی کا شکار ترقیاتی منصوبوں کے غیر استعمال شدہ فنڈز تیزی سے جاری منصوبوں کو منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، سست رفتار منصوبوں سے 35 ارب 23 کروڑ روپے کے فنڈز منتقل کیے جائیں گے تاکہ جاری ترقیاتی اسکیموں کو بروقت مکمل کیا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق فصل بیمہ اسکیم کے لیے مختص 1 ارب 21 کروڑ روپے کے فنڈز سرینڈر کر کے دیگر منصوبوں کو منتقل کیے جائیں گے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے سیلاب بحالی پروگرام کے لیے رکھا گیا 10 ارب روپے کا فنڈ بھی منتقل کیا جائے گا۔

اسی طرح مریم نواز کمیونٹی سروسز پروگرام کے 12 ارب 58 کروڑ 40 لاکھ روپے اور پنجاب فیملی پلاننگ پروگرام کے 4 ارب 44 کروڑ روپے بھی دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکام پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (P&D) بورڈ کے مطابق مالی وسائل کے مؤثر اور بہتر استعمال کے لیے غیر استعمال شدہ فنڈز سرینڈر کیے جا رہے ہیں، تاکہ یہ رقم ایسے منصوبوں پر خرچ کی جا سکے جو تیزی سے جاری ہیں اور جلد مکمل ہو سکتے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ منتقل کیے جانے والے فنڈز متعلقہ منصوبوں کو اضافی مالی معاونت کے طور پر فراہم کیے جائیں گے تاکہ ترقیاتی عمل میں مزید تیزی لائی جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US