اسلام آباد میں مشاورتی اجلاس، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ واپس روانہ

image

سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے اسلام آباد میں ہونے والے اہم مشاورتی اجلاس میں شرکت کے بعد واپس روانہ ہوگئے۔

ائیرپورٹ پر ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ برائے مشرقِ وسطیٰ سید احمد معروف، ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ برائے افغانستان و مغربی ایشیا سید علی اسد گیلانی اور وزارتِ خارجہ کے دیگر اعلیٰ حکام نے معزز مہمانوں کو الوداع کیا۔

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، جمہوریہ ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فدان اور عرب جمہوریہ مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے درمیان مشاورتی عمل کے دوسرے اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچے تھے۔ یہ اجلاس نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر منعقد ہوا۔

ذرائع کے مطابق اس سلسلے کا پہلا اجلاس 19 مارچ 2026 کو ریاض میں منعقد ہوا تھا، جبکہ اسلام آباد میں ہونے والے دوسرے اجلاس میں موجودہ علاقائی صورتحال، مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی، اور جنگ کے جلد و مستقل خاتمے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں شریک وزرائے خارجہ نے اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ جاری تنازعہ پورے خطے میں انسانی جانوں، روزگار اور استحکام پر تباہ کن اثرات مرتب کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ یہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں اور اس کا انجام صرف موت، تباہی اور مزید عدم استحکام کی صورت میں نکلے گا۔

مشاورتی اجلاس میں امتِ مسلمہ کے اتحاد کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا، جبکہ اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے، صورتحال کو قابو میں رکھنے اور متعلقہ فریقین کے درمیان بامعنی مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اجلاس کے دوران مہمان وزرائے خارجہ کو اسلام آباد میں ممکنہ امریکا۔ایران مذاکرات کے امکانات سے بھی آگاہ کیا، جس پر شریک ممالک نے اس اقدام کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔

اجلاس کے شرکا نے واضح کیا کہ تنازعات کے حل، علاقائی امن و استحکام کے فروغ اور پائیدار سفارتی پیش رفت کے لیے مکالمہ اور سفارتکاری ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہیں۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں، بالخصوص تمام ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام پر زور دیا گیا۔

اس کے علاوہ چاروں برادر ممالک کے درمیان باہمی تعاون، سفارتی روابط اور خطے میں امن کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی غور کیا گیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کی جانب سے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

دوسری جانب سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بھی ملاقات کی، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر اپنے اپنے ممالک کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر معزز مہمانوں نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US