وزیراعظم کے دورہ لاہور کے دوران وی وی آئی پی سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کم از کم 27 پولیس اہلکاروں کی غیر حاضری کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد متعلقہ اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کر دی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے 19 مارچ کے دورے کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور اہلکاروں کو وزیراعظم کے روٹ کے مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا تھا، تاہم متعدد اہلکار ڈیوٹی پر حاضر نہ ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ نفری ایس پی سیکیورٹی کی جانب سے مختلف تھانوں سے طلب کی گئی تھی، مگر تعیناتی کے باوجود 27 اہلکار مقررہ مقام پر رپورٹ نہ کر سکے۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حکام نے غیر حاضر اہلکاروں کو شو کاز نوٹسز جاری کر دیے ہیں جبکہ ان کے خلاف ڈسپلنری کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق وی وی آئی پی سیکیورٹی ڈیوٹی میں غفلت کو سنگین معاملہ تصور کیا جاتا ہے اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔