سابق وزیر قانون پنجاب اور پی ٹی آئی رہنما محمد بشارت راجہ کی 2024 کے تین مقدمات میں 7 اپریل تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے ڈویژن بنچ نے حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت میں کیس کی سماعت جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس طارق محمود باجوہ پر مشتمل بینچ نے کی۔
سماعت کے دوران محمد بشارت راجہ اپنے وکیل عرفان خان نیازی کے ہمراہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
عدالت نے متعلقہ تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر مقدمات کا مکمل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 7 اپریل تک ملتوی کر دی۔
محمد بشارت راجہ کے خلاف 2024 کے احتجاجی مارچ کے دوران تھانہ حضرو میں مقدمہ نمبر 897/24 جبکہ تھانہ حسن ابدال میں مقدمہ نمبر 640/24 اور 637/24 درج ہیں۔
ان مقدمات میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ، توڑ پھوڑ، کارِ سرکار میں مداخلت، جلاؤ گھیراؤ اور دیگر سنگین دفعات شامل ہیں۔