وفاقی وزیر داخلہ کی غیر قانونی شہریت لینے والوں کو نیشنل ڈیٹا بیس سے نکالنے کی ہدایت

image

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔

اس موقع پر چیئرمین نادرا، لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر نے وزیر داخلہ کو ادارے کی کارکردگی اور جاری و آئندہ منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیر داخلہ نے نادرا کی خدمات اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہا اور ہدایت دی کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کے انخلا میں نادرا قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل معاونت فراہم کرے۔ انہوں نے غیر قانونی طور پر پاکستانی شہریت حاصل کرنے والوں کی فوری شناخت یقینی بنانے اور نیشنل ڈیٹا بیس سے نکالنے کی ہدایت بھی دی۔

محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ دو برس کے دوران نادرا کی خدمات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور عوامی سہولت کے لیے مزید جدید خدمات متعارف کرائی جائیں۔ بڑے شہروں میں نادرا کے دفاتر کرائے کی بجائے اپنی جگہ خرید کر بنائے جائیں، اس سلسلے میں وزیر داخلہ نے ماسٹر پلان طلب کر لیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ نادرا نے شہری سہولیات بہتر بنانے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں، جن میں بائیومیٹرک نظام کے لیے چہرے کی تصویر سے تصدیق، فوت شدہ افراد کے شناختی کارڈز منسوخ کرنا، اور شناختی کارڈ کے مسائل کے حل کے لیے 30 دن کی مدت مقرر کرنا شامل ہیں۔ علاوہ ازیں پی ٹی اے کے تعاون سے فوت شدہ افراد کے نام پر جاری شدہ موبائل سمز کو بلاک کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور اور نادرا کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US