اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈز کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، جہاں دفاعی وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کی استدعا کی۔
سماعت کے دوران بیرسٹر سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپیلوں اور سزا معطلی کی درخواستوں کے حوالے سے ہدایات لینے کے لیے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات درکار ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر نے بیرسٹر سلمان صفدر کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے وقت دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ "آپ کل ہدایات لے لیں، ہم کیس پیر کو سماعت کے لیے مقرر کر دیتے ہیں۔"
اس موقع پر بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت سے استدعا کی کہ “ہماری سزا معطلی کی درخواستوں پر جو بھی فیصلہ کرنا ہے، آج ہی کر دیا جائے۔”
تاہم عدالت نے وکیل صفائی کو ہدایات حاصل کرنے کے لیے مہلت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت پیر تک ملتوی کردی۔
190 ملین پاؤنڈز کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے سزا معطلی کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں، جن پر آئندہ سماعت پیر کو متوقع ہے۔