ملک کے بیشتر علاقوں میں آج سے 4 اپریل تک آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ مختلف شہروں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج رات سے 3 اپریل کے دوران بارش متوقع ہے اور بعض علاقوں میں 50 ملی میٹر یا اس سے زائد بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
لاہور میں موسلا دھار بارش کے باعث نشتر ٹاؤن میں سب سے زیادہ 50 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ گلبرگ، جیل روڈ، گجومتہ اور رائیونڈ سمیت مختلف علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔ بارش اور تیز ہواؤں کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم بجلی کا نظام متاثر ہوا اور لیسکو ریجن میں 170 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔
کوٹ رادھا کشن میں بارش کے دوران دیواریں گرنے سے 2 بچے جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔دوسری جانب بلوچستان کے اضلاع زیارت، دکی، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ اور لورالائی میں بارش اور ژالہ باری کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے جس سے معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔
ادھر وادی نیلم میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ نیلم کیل سیری کے مقام پر بند کر دی گئی جس سے آمد و رفت معطل ہوگئی ہے۔