کراچی کے مختلف علاقوں میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر جعلی اور فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس، سی پی ایل سی، ڈرائیونگ لائسنگ ونگ، ایکسائیز اور ضلعی پولیس کی مشترکہ کارروائی کے تحت بغیر نمبر پلیٹ یا غیر نمونہ نمبر پلیٹ استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
شہر کے مختلف مقامات پر خصوصی چیکنگ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جن میں 3 تلوار، نیو ٹاؤن، اور اورنگی ٹاؤن شامل ہیں۔ حکیم ابنِ سینا روڈ پٹرول پمپ کے قریب، چمڑا چورنگی کورنگی، پورٹ قاسم چوک نیشنل ہائی وے اور سچل مزار، ماڑی پور روڈ پر بھی مشکوک گاڑیوں کی چیکنگ اور تلاشی کا عمل جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق میٹروپول کے اطراف میں بھی جعلی اور فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے اور بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو ضبط کیا جا رہا ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرکاری نمونہ نمبر پلیٹ استعمال کریں اور ضروری کاغذات ساتھ رکھیں تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔