تربوز کھانے سے پہلے اس پر چٹکی بھر نمک چھڑکنا کیوں ضروری ہے؟ وجہ سامنے آگئی

image

گرمیوں کے موسم میں تربوز کو فرحت بخش اور توانائی فراہم کرنے والا پھل سمجھا جاتا ہے، تاہم اس پر چٹکی بھر نمک چھڑکنے کی روایت کے پیچھے ایک دلچسپ سائنسی منطق بھی کارفرما ہے۔

ماہرین کے مطابق نمک کی معمولی مقدار انسانی زبان پر موجود میٹھاس محسوس کرنے والے خلیات کو متحرک کرتی ہے، جس سے تربوز کی قدرتی مٹھاس مزید نمایاں ہو جاتی ہے۔ سائنسی تحقیق سے بھی یہ بات سامنے آئی ہے کہ نمک میں موجود کلورائیڈ آئنز جب پھل میں پائی جانے والی قدرتی شکر کے ساتھ تعامل کرتے ہیں تو اس کے ذائقے میں اضافہ ہو جاتا ہے، یوں بغیر اضافی چینی کے تربوز زیادہ میٹھا محسوس ہوتا ہے۔

تربوز میں پانی کی مقدار زیادہ ہونے کے باعث یہ جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، لیکن شدید گرمی کے دوران پسینے کے ذریعے جسم سے ضروری نمکیات، خصوصاً سوڈیم، خارج ہو جاتے ہیں۔ ایسی صورت میں تربوز پر نمک چھڑکنے سے یہ کمی کسی حد تک پوری ہو سکتی ہے، جو خون کے حجم کو برقرار رکھنے اور جسم میں پانی کے بہتر جذب میں مدد دیتا ہے۔

مزید یہ کہ اگر تربوز مکمل طور پر پکا نہ ہو یا اس کا ذائقہ پھیکا ہو تو نمک ایک متوازن عنصر کے طور پر کام کرتا ہے، جو اس کے ذائقے کو ابھارتا ہے اور ہر نوالے کو مزید خوش ذائقہ بنا دیتا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ نمک کی معمولی مقدار ہاضمے کے عمل کو بھی بہتر بنا سکتی ہے، کیونکہ یہ معدے میں ہاضمے کے رطوبتوں کو متحرک کرتی ہے، اگرچہ تربوز بذات خود آسانی سے ہضم ہونے والا پھل ہے۔

تاہم ماہرین اعتدال پر زور دیتے ہیں اور خبردار کرتے ہیں کہ نمک کا زیادہ استعمال تربوز کے اصل ذائقے کو متاثر کر سکتا ہے اور بلند فشار خون کے مریضوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق ایک چٹکی نمک، یا ذائقے کے لیے تھوڑا سا کالا نمک اور لیموں کا رس شامل کر کے اس تجربے کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

یوں تربوز پر نمک چھڑکنا محض ایک روایت نہیں بلکہ سائنسی اصولوں اور جسمانی ضروریات کا امتزاج ہے، جو اس سادہ پھل کو مزید فائدہ مند اور لذیذ بنا دیتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US