فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی قانون پر پاکستان سمیت 8 ممالک کا شدید ردعمل

image

پاکستان، ترکیہ، مصر، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے میں سزائے موت کے قانون کی منظوری اور فلسطینیوں کے خلاف اس کے عملی اطلاق کی شدید مذمت کی ہے۔

2 اپریل 2026 کو جاری مشترکہ اعلامیے میں وزرائے خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کے یہ اقدامات نہ صرف امتیازی ہیں بلکہ خطے میں کشیدگی بڑھانے اور امن و استحکام کو مزید خطرے میں ڈالنے کا سبب بھی بن سکتے ہیں۔

مشترکہ بیان کے مطابق اسرائیلی قابض قوت کی جانب سے ایسے قوانین اور پالیسیوں کا نفاذ فلسطینی عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقوق اور ان کے وجود کے انکار کے مترادف ہے، جو مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں نسلی امتیاز اور اپارتھائیڈ جیسے نظام کو مزید مضبوط کر رہا ہے۔

وزرائے خارجہ نے خبردار کیا کہ فلسطینی قیدیوں کے خلاف اس قانون کا امتیازی استعمال ایک خطرناک پیش رفت ہے، جو پہلے سے موجود انسانی بحران کو مزید سنگین بنا سکتی ہے۔

اعلامیے میں اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کی حالت پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ فلسطینی قیدیوں کے ساتھ تشدد، غیر انسانی اور توہین آمیز سلوک، بھوک، بنیادی حقوق سے محرومی اور مبینہ ٹارچر جیسے واقعات عالمی برادری کے لیے لمحۂ فکریہ ہیں۔

وزرائے خارجہ نے زور دیا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف نسلی، جابرانہ اور جارحانہ پالیسیوں کو فوری طور پر روکا جانا چاہیے۔

مشترکہ اعلامیے میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں بگڑتی صورتحال کا نوٹس لیا جائے، ذمہ داروں کا احتساب یقینی بنایا جائے اور خطے میں مزید بگاڑ کو روکنے کے لیے مؤثر بین الاقوامی اقدامات کیے جائیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US