ایران جنگ بندی کیلیے پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری ہیں، شہباز شریف

image

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی کے لیے مسلسل سفارتی کوششیں کر رہا ہے، کیونکہ ایران سے متعلق جاری جنگی صورتحال کے اثرات پاکستان پر بھی پڑ رہے ہیں۔

خطے کی موجودہ صورتحال پر منعقدہ ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایران سے جڑی جنگی کشیدگی کے باعث پاکستان کو بھی معاشی دباؤ اور مختلف مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار خطے میں تناؤ کم کرنے کے لیے بھرپور اور مسلسل سفارتی رابطوں میں مصروف ہیں، جبکہ پاکستان نے ابتدا ہی سے جنگ کے شعلے ٹھنڈے کرنے کے لیے فعال کردار ادا کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ پاکستان کے دو جہاز آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے تھے، تاہم نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل کی کوششوں کے نتیجے میں دونوں جہاز بحفاظت آبنائے ہرمز سے گزر گئے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ جنگی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام وزرائے اعلیٰ نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیراعظم کے مطابق وفاقی حکومت نے گزشتہ تین ہفتوں کے دوران پی ایس ڈی پی میں 100 ارب روپے کی کٹوتی کی، جبکہ ارکان پارلیمنٹ نے بھی تیل کی بچت یقینی بنانے کے اقدامات پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت خطے میں امن، استحکام اور ملکی معیشت کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US