کراچی میں گزشتہ رات گرج چمک کے ساتھ بارش، اگلا سلسلہ 6 اپریل کو متوقع

image

کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا تاہم کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔

تفصیلات کے مطابق آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، برنس روڈ اور اطراف کے علاقوں میں بارش ہوئی، جبکہ اورنگی ٹاؤن، چشتی نگر اور ملحقہ علاقوں میں بھی بادل خوب برسے۔ بلدیہ ٹاؤن، سعید آباد، ماڑی پور اور مواچھ گوٹھ میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ نارتھ ناظم آباد اور ناظم آباد میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی۔

اسی طرح لیاقت آباد، پرانا گولیمار، اسکیم 33، ایم نائن موٹروے اور شاہراہ پاکستان کے مختلف مقامات پر بھی بارش ہوئی، جبکہ گارڈن، سرجانی ٹاؤن، نادرن بائی پاس، ملیر ہالٹ اور رفاہ عام میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کراچی میں اب بارش کے کوئی امکانات نہیں کل رات والا اسپیل آخری تھا اب مزید کوئی اسپیل متوقع نہیں اور بارش کا اگلا سلسلہ 6 اپریل کو آ سکتا ہے جس سے کراچی میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کے امکانات ہیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے شہر میں ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں جن کے مطابق سب سے زیادہ بارش ناظم آباد میں 97.4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سرجانی ٹاؤن میں 67 ملی میٹر، کیماڑی میں 66 ملی میٹر، اورنگی ٹاؤن میں 53.6 ملی میٹر اور ایم نائن موٹروے پر 55.5 ملی میٹر بارش ہوئی۔

اس کے علاوہ پی اے ایف فیصل بیس پر 50 ملی میٹر، جناح ٹرمینل پر 43.6 ملی میٹر، ڈی ایچ اے فیز 2 میں 28 ملی میٹر اور کورنگی میں 34.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US