وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے حالیہ سبسڈی پروگرام کے حوالے سے پائی جانے والی غلط فہمیوں کی وضاحت کی اور اس بات پر زور دیا کہ سبسڈی کا عمل شفاف، منصفانہ اور مستحق طبقات تک بروقت پہنچنے والا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ عوامی سطح پر گردش کرنے والے بعض بیانات حقائق کے منافی ہیں اور دی جانے والی سبسڈی عوامی امدادی پروگرام کا حصہ ہے جس میں معاشرے کے مستحق طبقات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
محمد اورنگزیب نے بتایا کہ وزیراعظم نے سبسڈی پروگرام کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت دی ہے تاکہ عمل میں شفافیت، جوابدہی اور اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور تمام کمرشل بینکوں کے ساتھ مکمل رابطہ اور ہم آہنگی موجود ہے اور سبسڈی کے اعلان کے ساتھ ہی رقوم کی ادائیگی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا تھا۔
انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ امدادی اقدامات مستحق افراد تک شفاف، منصفانہ اور بروقت پہنچیں۔