زبیر موتی والا کا وزیر خزانہ کو خط، برآمدی اور توانائی پالیسی میں فوری اقدامات کا مطالبہ

image

چیئرمین بزنس مین گروپ زبیر موتی والا نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو ایک خط لکھ کر امریکا-ایران کشیدگی کے تناظر میں برآمدی، مالیاتی اور توانائی پالیسیوں میں فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

زبیر موتی والا نے کہا کہ برآمدی شعبے کو ریلیف دینے کے لیے سیلز ٹیکس زیرو ریٹنگ فوری طور پر بحال کی جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ریفنڈز میں تاخیر کی وجہ سے برآمد کنندگان شدید مشکلات کا شکار ہیں اور فوری ریلیف کی ضرورت ہے۔

خط میں زبیر موتی والا نے کہا کہ کسٹمز ڈیوٹی اور ٹیکسز کو سی این ایف کے بجائے ای ایکس ڈبلیو ویلیو پر مقرر کیا جائے جبکہ کراچی کی صنعتوں کے لیے بجلی ریلیف کے 28 سے 33 ارب روپے فوری طور پر جاری کیے جائیں اور اس کے لیے شفاف نظام بھی بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گیس کے نرخ سروس آف کاسٹ بنیاد پر مقرر ہوں اور برآمدی صنعتوں کو ترجیحی بنیادوں پر گیس فراہم کی جائے۔ اس کے علاوہ بڑھتی ہوئی شپنگ لاگت اور انشورنس اخراجات کے پیش نظر فریٹ سبسڈی اور ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن اسکیمز فوری طور پر بحال کی جائیں۔

زبیر موتی والا نے تجویز دی کہ تمام زیر التوا ٹیکس ریفنڈز فوری طور پر جاری کیے جائیں اور آئندہ کے لیے خودکار، وقت مقررہ پر مبنی نظام متعارف کرایا جائے تاکہ برآمدی شعبے کو موثر ریلیف مل سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US