وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک گفتگو کی، جو تقریباً 45 منٹ جاری رہی۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے ایرانی قیادت کی دانشمندی اور دور اندیشی کو سراہا، جنہوں نے جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کی۔
وزیراعظم کی جانب سے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کی پیشکش کو صدر پزشکیان نے قبول کیا۔
وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے بھی تعظیم کا اظہار کیا۔
صدر پزشکیان نے پاکستانی قیادت کی کوششوں کو سراہا اور عارضی جنگ بندی کے قیام میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے تصدیق کی کہ ایران اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کرے گا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے خطے میں دائمی امن و استحکام کے قیام کے لیے اہم سفارتی کردار ادا کیا ہے اور وہ اس بات پر خوش ہیں کہ ایران اور امریکا دونوں مذاکرات میں حصہ لینے پر تیار ہیں۔
ان کے مطابق امریکا اور ایران کے وفود 10 اپریل 2026 کو اسلام آباد میں ملاقات کریں گے، جس کا مقصد تنازعات کا پائیدار حل تلاش کرنا ہے۔
وزیراعظم نے دونوں فریقین کے عزم کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ’’اسلام آباد مذاکرات‘‘ خطے میں امن و سلامتی کو مضبوط کریں گے۔