میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے ایک جدید سہولت متعارف کرانے کی تیاری شروع کردی ہے جس کے تحت اب کالز کے دوران پس منظر کے شور کو کم کرنا ممکن ہوگا۔
یہ فیچر جو عموماً مہنگے ائیر فونز یا جدید ڈیوائسز میں دستیاب ہوتا ہے، اب براہِ راست ایپ کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ فی الحال ’’نوائز کینسلیشن‘‘ فیچر کی آزمائش کررہا ہے جو وائس اور ویڈیو دونوں کالز کے دوران کام کرے گا۔ اس فیچر کا مقصد صارفین کو زیادہ واضح اور صاف آواز فراہم کرنا ہے، خاص طور پر ہجوم، ٹریفک یا دیگر پرشور مقامات پر بات چیت کو آسان بنانا ہے۔
یہ نیا فیچر فی الحال اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن میں دیکھا گیا ہے جہاں کال کے دوران پس منظر کی آوازیں خودکار طور پر فلٹر ہوجاتی ہیں۔
صارفین کو اس سہولت پر مکمل کنٹرول بھی حاصل ہوگا اور وہ ضرورت کے مطابق اسے آن یا آف کرسکیں گے۔ یہ آپشن کال مینیو میں موجود ہوگا اور ابتدائی طور پر اسے بائی ڈیفالٹ فعال رکھا جائے گا۔
اگرچہ یہ فیچر ابھی آزمائشی مراحل میں ہے اور اس کی حتمی ریلیز کی تاریخ کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے، تاہم توقع کی جا رہی ہے کہ مستقبل قریب میں یہ سہولت تمام صارفین کے لیے دستیاب کردی جائے گی۔