پاکستان میں واٹس ایپ ہیکنگ اور آن لائن فراڈ کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر نیشنل سائبر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم نے صارفین کے لیے اہم ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی ذاتی معلومات کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور کسی بھی صورت میں او ٹی پی یا پن کو کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں چاہے وہ کتنا ہی قریبی کیوں نہ ہو۔
نیشنل سرٹ نے خبردار کیا ہے کہ نامعلوم نمبروں سے موصول ہونے والے لنکس پر کلک کرنے سے گریز کیا جائے جبکہ کسی بھی مالی درخواست پر عمل کرنے سے پہلے متعلقہ شخص سے بذریعہ کال تصدیق لازمی کی جائے۔
مزید برآں صارفین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ واٹس ایپ پر فوری طور پر ٹو اسٹیپ ویری فکیشن فعال کریں کیونکہ یہ فیچر اضافی سیکیورٹی فراہم کرتا ہے اور اکاؤنٹ کو ہیکنگ سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتا ہے۔