نیویارک ٹائمز کی ایک نئی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بٹ کوائن کے پراسرار خالق 'ساتوشی ناکاموٹو' دراصل برطانوی کرپٹو گرافر ایڈم بیک ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایڈم بیک کا اندازِ تحریر، کوڈنگ کی مہارت اور پس منظر ساتوشی ناکاموٹو سے گہرا میل کھاتا ہے، جبکہ بٹ کوائن کے وائٹ پیپر کی اشاعت کے بعد ان کی سرگرمیوں میں آنے والا تعطل بھی اسی جانب اشارہ کرتا ہے۔
دوسری جانب ایڈم بیک نے ان دعوؤں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریر میں مماثلت محض اتفاق ہے کیونکہ ایک ہی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد اکثر یکساں اصطلاحات استعمال کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ ساتوشی ناکاموٹو نے 2008 میں بٹ کوائن متعارف کرایا تھا اور 2011 میں اچانک غائب ہوگئے تھے، جس کے بعد سے ان کی شناخت ایک معمہ بنی ہوئی ہے۔
ایک تخمینے کے مطابق ساتوشی ناکاموٹو 11 لاکھ بٹ کوائنز کے مالک ہیں، جو انہیں دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں شامل کرتا ہے۔
ویب سائٹ 'ایکس' پر اپنی وضاحت میں ایڈم بیک نے موقف اختیار کیا ہے کہ وہ 1992 سے کرپٹو گرافی پر کام کر رہے ہیں مگر وہ ساتوشی ناکاموٹو نہیں ہیں۔