ایران امریکا مذاکرات کے لیے غیر ملکی وفود کی آمد، ریڈ زون سیل

image

وفاقی حکومت نے غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر دارالحکومت کے ریڈ زون کو سیل کر دیا ہے، جہاں صرف مجاز افراد کو داخلے کی اجازت ہوگی۔

یہ فیصلہ وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، جس میں امریکا اور ایران کے درمیان متوقع مذاکرات کے لیے سیکیورٹی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیر داخلہ نے تیاریوں اور سیکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ غیر ملکی وفود کے لیے سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ بہترین میزبانی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کے بعد اسلام آباد میں امریکا اور ایران مذاکرات کی میزبانی پاکستان کے لیے اعزاز ہے، لہٰذا تمام ادارے مذاکرات کے پرامن اور ہموار انعقاد کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل رکھا جائے گا اور صرف متعلقہ افراد کو ہی داخلے کی اجازت دی جائے گی، جبکہ سیکیورٹی نگرانی کے لیے وزارت داخلہ میں کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

اجلاس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس، کمشنر راولپنڈی، ڈی جی ایف آئی اے، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سمیت رینجرز، ایف سی اور دفتر خارجہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US