وزیراعظم کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں‌ کمی کا اعلان

image

وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔

وزیراعظم کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ اس کمی کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 385 روپے اور پیٹرول کی نئی قیمت 366 روپے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے جس کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ خلیجی خطے میں کشیدگی کے بعد اب امن کی فضا قائم ہو رہی ہے اور جو ممالک کل تک جنگ کے دہانے پر تھے آج مذاکرات کی میز پر آ چکے ہیں۔ انہوں نے ایران اور امریکا کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے پیش کردہ جنگ بندی تجویز کو سراہا گیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی قیادت جلد اسلام آباد کا دورہ کرے گی جو پاکستان اور عالمِ اسلام کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا جسے تاریخ یاد رکھے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے 129 ارب روپے خرچ کیے اور وعدہ کیا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے گا جس پر آج عمل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں کی لاگت کم کرنا حکومت کی ترجیح ہے اور موٹرسائیکل، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے سبسڈی بھی جاری رکھی جائے گی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا اور آئندہ بھی عوامی ریلیف اولین ترجیح رہے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US