کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یومِ آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بزنس مین گروپ کے سرپرست اور معروف تاجر رہنما زبیر موتی والا نے کہا کہ ہم صرف ایک دن تقریبات منا کر اور جھنڈا لہرا کر بیٹھ جاتے ہیں، جبکہ ہمیں اس سے کہیں زیادہ عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ملک کی کل برآمدات کا 54 فیصد حصہ کراچی سے جاتا ہے۔
زبیر موتی والا نے حکومت پر زور دیا کہ اگر صنعتی ان پٹ کاسٹ (پیداواری لاگت) کو خطے کے دیگر ممالک کے برابر یا کم کر دیا جائے تو تاجر برادری برآمدات میں نمایاں اضافہ کرسکتی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کا بیڑا اٹھائیں اور آگے آئیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے گڈز ٹرانسپورٹ کی جاری ہڑتال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے صنعت کار اور ایکسپورٹرز شدید پریشان ہیں۔
زبیر موتی والا نے وزیر اعلیٰ سندھ سے درخواست کی کہ وہ فوری مداخلت کرکے گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کا ممکنہ حل نکالیں تاکہ صنعتی پہیہ اور برآمدات متاثر نہ ہوں۔