اسلام آباد میں سائبر کرائم کے خلاف کارروائی، 114 غیر ملکی شہری گرفتار

image

نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی اسلام آباد نے سائبر کرائم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 114 غیر ملکی شہریوں کو گرفتار کرلیا۔

این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں 111 چینی اور 3 ویتنامی شہری شامل ہیں۔ واقعے کا مقدمہ اسلام آباد میں ایف آئی آر نمبر 133/26 کے تحت درج کرلیا گیا ہے۔

تحقیقاتی حکام کے مطابق گرفتار افراد مبینہ طور پر ایک رجسٹرڈ آئی ٹی اور کاروباری ادارے کی آڑ میں سائبر کرائم نیٹ ورک چلا رہے تھے۔ ملزمان پر الزام ہے کہ وہ مختلف ممالک کے شہریوں کو آن لائن جنسی گفتگو اور ویڈیو چیٹس میں ملوث کرتے تھے، جبکہ مبینہ طور پر حاصل کیے گئے آن لائن جنسی مواد اور کمیونیکیشنز کو مالی اور مجرمانہ مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

این سی سی آئی اے کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران سائبر رومانس کے ذریعے مالی فراڈ کی سرگرمیوں سے بھی مبینہ روابط سامنے آئے ہیں۔ حکام نیٹ ورک سے وابستہ مزید افراد اور ممکنہ متاثرین کی شناخت کے لیے تحقیقات کررہے ہیں۔

ادارے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے زیر استعمال مالی اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کا بھی سراغ لگایا جا رہا ہے، جبکہ کیس میں ملوث افراد کے کردار اور ممکنہ سہولت کاروں کا تعین کیا جا رہا ہے۔

مقدمہ پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) 2016 کی دفعات 14 اور 21 سمیت پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 419، 420، 34 اور 109 کے تحت درج کیا گیا ہے۔

این سی سی آئی اے اسلام آباد کے مطابق کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US