ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے تاریخی امن مذاکرات کا آج باضابطہ آغاز ہو رہا ہے جس کے لیے عالمی سطح پر اہم سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ وفد میں جیرڈ کشنر اور خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف بھی شامل ہیں۔
امریکی وفد کا استقبال نور خان ایئر بیس پر اعلیٰ سطحی پروٹوکول کے تحت کیا گیا جہاں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خود وفد کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر بھی موجود تھیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق امریکی قیادت کی آمد سے قبل سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے جبکہ ایئرپورٹ سے ریڈ زون تک کا راستہ مکمل طور پر محفوظ بنایا گیا۔
آج اسلام آباد میں سفارتی سرگرمیاں عروج پر ہوں گی جہاں امریکی وفد کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات متوقع ہے جس کے بعد ایرانی وفد کے ساتھ اہم مذاکرات ہوں گے۔
اس سے قبل ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد بھی اسلام آباد پہنچ چکا ہے جس کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ استقبال کے موقع پر اسحاق ڈار، عاصم منیر، محسن نقوی اور سردار ایاز صادق بھی موجود تھے۔
یہ مذاکرات خطے میں امن و استحکام کے لیے انتہائی اہم قرار دیے جا رہے ہیں اور عالمی برادری کی نظریں اسلام آباد پر مرکوز ہیں۔