آرٹمس 2 مشن کے چاروں خلا باز جنوبی کیلیفورنیا کے ساحل کے قریب بحرالکاہل میں بحفاظت اتر گئے یوں تاریخی مشن کامیابی سے مکمل ہوگیا۔
خلا بازوں نے 10 روزہ مشن کے دوران تقریباً 6 لاکھ 85 ہزار میل کا سفر طے کیا اور چاند کے گرد چکر لگانے کے بعد زمین پر واپسی کی۔ یہ مشن تقریباً 50 سال بعد انسانوں کو دوبارہ چاند کے قریب لے کر گیا اس سے قبل آخری بار Apollo 17 کے دوران 1972 میں خلا باز چاند کے مدار تک پہنچے تھے۔
مشن کمانڈر وائزمین نے لینڈنگ کے بعد کہا کہ تمام خلا باز محفوظ ہیں اور یہ سفر ان کے لیے ایک یادگار تجربہ رہا۔
آرٹمس 2 مشن کے اورین اسپیس میں سوار چاروں خلا بازوں نے تاریخی کارنامہ انجام دیتے ہوئے 1970 کے اپالو 13 کے فاصلے کے ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
مشن کے دوران خلا بازوں نے چاند کے اُس حصے کا بھی مشاہدہ کیا جو زمین سے نظر نہیں آتا جبکہ اورین اسپیس کرافٹ نے چاند کے مدار میں کئی گھنٹوں تک پرواز بھی کی۔
یہ کامیاب مشن مستقبل میں چاند پر انسانی مشنز اور مریخ تک رسائی کی راہ ہموار کرنے میں اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔