سعودی عرب کی وزارت دفاع نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کا ایک فوجی دستہ دو طرفہ اسٹریٹیجک دفاعی معاہدے کے تحت کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پہنچ گیا ہے۔
سعودی وزارت دفاع کی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام دونوں برادر ممالک کے درمیان طے پانے والے مشترکہ اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کے تحت کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق پاکستانی دستہ پاک فضائیہ کے لڑاکا اور معاون طیاروں پر مشتمل ہے جس کا مقصد دونوں ممالک کی افواج کے درمیان دفاعی تعاون کو مضبوط بنانا، عملی تیاری بہتر کرنا اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینا ہے۔
یاد رہے کہ ستمبر 2025 میں شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ریاض میں اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔
معاہدے کے تحت طے پایا تھا کہ کسی بھی ایک ملک پر حملہ دونوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا جبکہ اس کا مقصد مشترکہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق خطے کی حالیہ کشیدگی کے بعد دونوں ممالک اس دفاعی تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے مسلسل رابطے میں ہیں۔