نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے حالیہ مذاکراتی عمل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ فریقین مستقبل میں بھی بات چیت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران وزیر خارجہ نے مذاکرات میں شریک دونوں ممالک کے وفود کا شکریہ ادا کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی ثالثی میں ایران اور امریکا کے درمیان اہم مذاکرات 24 گھنٹے تک جاری رہے۔
انہوں نے بتایا کہ نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں امریکی وفد اور اسپیکر باقر قالیباف کی سربراہی میں ایرانی وفد نے وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی درخواست پر اس عمل میں حصہ لیا، جو خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا حصہ ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے اور انہیں توقع ہے کہ موجودہ تعطل کے باوجود دونوں ممالک مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل نکالنے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔
ان کے بقول دونوں عالمی قوتوں کا پاکستان کی دعوت پر مذاکرات کی میز پر بیٹھنا ایک مثبت پیش رفت ہے جس کے مستقبل میں تعمیری نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔