حکومتِ سندھ کے کفایت شعاری پلان پر عملدرآمد کرتے ہوئے سندھ پولیس نے اپنے تمام یونٹس کو ایندھن کے استعمال میں فوری طور پر 33 فیصد کمی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق پیٹرولنگ موبائلز کے علاوہ دیگر تمام گاڑیوں کے فیول میں کٹوتی کی جائے گی اور ہر یونٹ کو اپنی ضرورت کے مطابق نیا فیول پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ چوتھی سہ ماہی کے دوران ماہانہ اخراجات میں 33 فیصد کمی لائی جائے اور فیول کریڈٹ لمٹ سے تجاوز کرنے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ یونٹ ہیڈز اور ایم ٹی اوز کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لیا جائے گا، جبکہ تمام یونٹس کو تین روز کے اندر اپنا نیا پی او ایل پلان جمع کرانے کا پابند کیا گیا ہے۔